کراچی کی بجلی تو 22 اگست سے گئی ہوئی ہے، راشد لطیف
کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر راشد لطیف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ذو معنی ٹویٹ کیا جو کچھ ہی دیر میں وائرل ہوگیا۔
پاک سرزمین پارٹی (پی ایس اپی) کے سابق رہنما رضا ہارون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک تصویر شیئر کی جس پر لکھا ہوا تھا کہ ’ایسا ہے میرا کراچی، ابھی نظر نہیں آئے گا، بجلی گئی ہوئی ہے‘۔
رضا ہارون کے اس ٹویٹ پر متعدد صارفین نے کمنٹس کیے اور اب تک اسے 43 لوگوں نے ری ٹویٹ جبکہ 201 سے زیادہ نے پسند کیا۔
اس ٹویٹ پر راشد لطیف نے ذو معنی جواب دیا کہ ’کراچی تو جنریٹر پر چل رہا ہے، بجلی تو 22 اگست سے گئی ہوئی ہے‘۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے اس کے ساتھ ہنسنے والے ایموجی بھی بنائے۔
راشد لطیف کے اس ٹویٹ پر صارفین نے کلین بولڈ، سکسر، پرفیکٹ سمیت دیگر ایک لفظ کے جواب دیے۔
کراچی تو جنریٹر پر ہی چل رہا ہے بجلی تو ۲۲ اگست کی گئی ہوئی ہے 😀😀
— Rashid Latif | 🇵🇰 (@iRashidLatif68) July 3, 2020
یاد رہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں شدید گرمی کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں یومیہ 10 سے 14 گھنٹے کی معمول اور 4 سے پانچ گھنٹے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
کے الیکٹرک نے پہلے ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس کی ترسیل کو بنیاد بنا کر لوڈشیڈنگ کی اور گزشتہ روز اعلان کیا کہ کینب کی طرف سے مسائل آنے کے بعد لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ ہوگا اور اس سے متشنیٰ قرار دیے جانے والے علاقے بھی متاثر ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم تنظیم بچاؤ کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ہفتے کو کراچی پریس کلب کے باہر حکومتی ہٹ دھرمی اور کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے جبکہ اس سے قبل ایم کیو ایم پاکستان بھی اسمبلی کے باہر کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرچکی ہے۔