حیدر عباس رضوی اور عادل صدیقی کی وطن واپسی، عامر خان نے خاموشی توڑ‌ دی

حیدر عباس رضوی اور عادل صدیقی کی وطن واپسی، عامر خان نے خاموشی توڑ‌ دی

حیدرآباد: ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنونیئر عامر خان نے حیدر عباس رضوی اور عادل صدیقی کی وطن واپسی کے حوالے سے خاموشی توڑ دی۔

اتوار کے روز حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ حیدر عباس رضوی اور عادل صدیقی ہماری جماعت کا حصہ تھے اور ہیں دیگر لوگوں کی وطن واپسی سے متعلق خبریں بے بنیاد اور حقیقت کے برعکس ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں حیدر عباس رضوی اور سابق صوبائی وزیر عادل صدیقی طویل عرصے کی خود ساختہ جلاوطنی کاٹ کر وطن واپس پہنچے ہیں جبکہ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ دیگر رہنما بھی جلد واپس آکر سیاست میں حصہ لیں گے۔

اس حوالے سے ایک گرینڈ الائنس بننے کی خبریں سامنے آرہی ہیں جس پر ایم کیو ایم کے سابق ترجمان اور وائس آف کراچی کے موجودہ نائب صدر واسع جلیل، پی ایس پی کے سابق سینئر رہنما رضا ہارون اور کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق اہم ذمہ دار شکیل عمر نے بھی مہاجر اتحاد یا الائنس کے حوالے سے بیانات جاری کیے۔

علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے بھی ایک روز قبل مہاجر رہنماؤں کے اتحاد کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے شدید ناراضی کا اظہار کیا۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ ’ہم حکومتی کارکردگی سے مطمئن نہیں مگر اُس کے باوجود حکومت کی مخالفت نہیں کریں گے، ہمارا وعدہ ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے منصوبے تک اتحادی رکھیں گے۔ سینئر ڈپٹی کنونیئر سے تحریک انصاف سے کارکردگی بہتر بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کا وفاق سے اتحاد برقرار، خالد مقبول نے وزارت کیوں چھوڑی؟ اہم وجوہات

عامر خان نے اس بات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم حکومت کو گرانے کے حوالے سے کبھی کسی کی حمایت نہیں کریں گے اور نہ ہی اپنی حمایت واپس لیں گے‘ ۔

اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے حوالے سے ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ ’ہم حکومت سے قریب ضرور ہیں مگر پی ڈی ایم پر بھی گہری نظر رکھی ہوئی ہے، ہم صورت حال کا باریک بینی سے جائزہ لے ہرے ہیں، اپوزیشن بڑے عہدوں کے حصول کے لیے نکلی ہوئی ہیں۔