ندیم نصرت کا پاکستان واپسی کا اعلان، بانی ایم کیو ایم سے راہیں جدا کرنے کی تصدیق
واشنگٹن:ایم کیوایم کےسابق کنوینر ندیم نصرت کاپاکستان واپسی کا اعلان کردیا۔
اپنے بیان میں وائس آف کراچی کے چیئرمین ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کے خلاف کبھی کوئی بات نہیں کی، بانی ایم کیو ایم سے ہمارا یا تنظیم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم اور ان کے خیالات سے راہیں جدا ہوچکی ہیں، سندھو دیش کے نعرے سے ہمارا کوئی اتفاق یا تعلق نہیں ہے۔
ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان اورپی ایس پی ہماری واپسی سےنالاں نظرآتی ہیں کیونکہ انہیں اپنی سیاسی دکانیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔
ندیم نصرت نے کہا کہ پی ایس پی اور ایم کیو ایم اپنی سیاست کریں اور ہم اپنا کام کریں گے، مقبولیت کا فیصلہ عوام خود کردیں گے۔
وائس آف کراچی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نےسندھ میں لوگوں سےبنیادی ضروریات،حقوق بھی چھین لئے، اب وقت ہے کہ عوامی حقوق کے لیے کھڑا ہوا جائے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ وائس آف کراچی کاتنظیمی ڈھانچہ کراچی اورحیدرآبادمیں موجود اور متحرک ہے۔