داعش کے لیے فنڈ جمع کرنے والا این ای ڈی یونیورسٹی کا طالب علم گرفتار
کراچی: انسداد دہشت گردی فورس (اینٹی ٹیرززم ڈیپارٹمنٹ) نے ملیر کینٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم آئی ایس آئی ایس کے لیے فنڈ جمع کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا، ملزم کراچی کی یونیورسٹی این ای ڈی میں آخری سال کا طالب علم ہے۔
سی ٹی ڈی انچارج عمر شاہد حامد کے مطابق ملزم کی شناخت عمر بن خالد کے نام سے ہوئی جو اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر داعش کے دہشت گردوں کے لیے گزشتہ دو سال سے فنڈ جمع کر کے انہیں مختلف ذرائع سے یہ رقوم بھیجتے تھے۔ اداروں نے 17 دسمبر کو ملزمان کو گرفتار کیا مگر انہیں عدالت سے ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔
سی ٹی ڈی نے ملزمان کے قبضے سے سے برآمد ہونے والے فون کا فرانزک کروایا جس کی رپورٹ آنے پر معلوم ہوا کہ وہ شام میں موجود مسلح افراد اور اُن کے اہل خانہ سے رابطہ میں ہے، ملزم پاکستان میں داعش کے لیے فنڈ جمع کرنے کا کام کرتا ہے۔ عمر بن خالد کو شام میں موجود مسلح افراد اور اُن کے کراچی میں مقیم خاندان سمیت حیدرآباد کا ضیا نامی شخص بذریعہ ایزی پیسہ یہ رقم بھیجتے تھے، جسے ڈالر یا بٹ کوائن میں تبدیل کر کے اسے دہشت گردوں تک پہنچانے کا انتظام کرتا تھا۔