بلال اکبر سعودی عرب میں پاکستانی سفیر تعینات
اسلام آباد / ریاض: حکومت پاکستان نے ڈی جی رینجرز سندھ رہنے والے پاک فوج کے ریٹائرڈ میجر بلال اکبر کو سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر تعینات کردیا۔
دی نیوز کی خصوصی رپورٹ کے مطابق حکومت نے سعودی عرب میں اپنا سفیر تبدیل کرکے جنرل(ر) بلال اکبر کو نیا سفیر مقرر کیا ہے جبکہ وہاں پر راجہ علی اعجاز دو سال تک خدمات سرانجام دیتے رہے اب سعودی عرب اور پاکستان تعینات دونوں کے سفرا کا پس منظر فوج سے ہے۔
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید ال مالکی کا تعلق سعودی رائل نیوی سے رہا ہے،سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سفرا کا تقرر دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات کا مظہر ہے، اب سفارت کاری کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی، فوجی اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے، جس کے تحت یہ تعینیاتی عمل میں لائی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستانی فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف 2017 سے فوجی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ سعودی عرب اور بھارت کے تعلقات گزشتہ چند ماہ میں بہت بہتر ہوئے جس کے تحت بھارتی فوج کے آرمی چیف نے گزشتہ ماہ تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔
جنرل بلال اکبر کو اپنا محسن سمجھتا ہوں، علی زیدی کا دو ٹوک مؤقف
دی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق میجر جنرل (ر) بلال اکبر اپنی تعیناتی کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے، اس ضمن میں انہیں ایک اہم ٹاسک دیا گیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں۔
اس تعیناتی کے بعد امکان ہے کہ سعودی عرب سے اعلیٰ وفد پاکستان کا دورہ کرے گا، جس کا ابھی تک کوئی امکان نہیں ہے، علاوہ ازیں وہ سفارتی سطح پر بھی تعلقات بحال کرنے میں کردار ادا کریں گے جس کے تحت دونوں ممالک کے وزائے خارجہ رواں ماہ ملاقات کریں گے یا پھر دونوں ایک دوسرے کے ممالک کا دورہ کریں گے۔
یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل (ر) راحیل شریف کی ملازمت کے دوران میجر جنرل بلال اکبر سندھ میں بطور ڈائریکٹر جنرل رینجرز امور انجام دے رہے تھے، اُن کے دور میں کراچی آپریشن کا آغاز بھی ہوا۔