نوحہ خوان آج اپنے آپ کو یتیم محسوس کررہے ہوں گے، فواد رضا

معروف شاعر ڈاکٹر ریحان اعظمی انتقال کرگئے

کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر اہلبیت ع شاعر اعظم جناب ڈاکٹر ریحان اعظمی طویل علالت کے باعث آج انتقال کرگئے، اُن کے جانے سے اردو ادب اور نوحہ خوانی کی دنیا میں پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں کیا جاسکے گا۔

جب بھی کوئی غم کا احساس پاو آو عٙلم کے سائے میں آو، نہ رو زینب نہ رو ” نوحہ کے خالق ڈاکٹر ریحان اعظمی ، عظیم استاد سبط جعفر شہید کے عظیم شاگرد کی رخصتی ہوئی ۔ ڈاکٹر ریحان اعظمی کے اہل خانہ کے مطابق ڈاکٹر ریحان اعظمی کی نماز جنازہ مولانا اسد علی شاکری کی اقتداء میں ادا کی جائے گی۔ ڈاکٹر ریحان اعظمی کی نماز جنازہ آج بعد نماز مغربین مرکزی امام بارگاہ جعفرطیار، ملیر میں ادا کی جائے گی۔

نامور صحافی اور شاعر فواد رضا نے ریحان اعظمی کے انتقال پر ایک تحریر لکھی۔ جس کو ہم بغیر کسی کانٹ چھاٹ کے شائع کررہے ہیں۔

تختی مرے مکاں پہ مرے نام کی لگی​

پھر ایسی بھیڑ گردشِ ایام کی لگی​

رثائی ادب کی دنیا میں تین دہائیوں تک بطور اسلوب رائج رہنے والے ڈاکٹر ریحان اعظمی انتقال کرگئے، بلاشبہ نوحہ گوئی کے فن کو ریحان اعظمی نے نئی جہت عطا کی اور ایسے ایسے مضامین نوحوں میں باندھے کہ دنیا حیران رہ گئی، اللہ ان کے درجات بلند کرے اور اہل خانہ کو صبر عطا کرے، کہ اس خانوادے نے غم حسین سے وابستہ ہونے کی بے پناہ قیمت چکائی ہے، اردو کے نوحہ خواں یقیناً اپنے آپ کو آج یتیم محسوس کررہے ہوں گے کہ ہوٹل پر بیٹھے بیٹھے ایک کپ چائے اور دو سے تین سگریٹوں کے وقفے میں سگریٹ کے ڈبوں پر، کاغذ کے ٹکڑوں پر نوحہ مکمل کرکے دینے والا شاعر اب دنیا میں نہیں رہا۔۔تحریر کے آغاز پر لکھا شعر ریحان اعظمی کی غزل کا شعر ہے، سو ریحان اعظمی، مبارک ہو کہ گردشِ ایام اب ختم ہوئی، آپ ساری زندگی جن کے مدح خواں رہے، انہی اہلبیت اطہار سے، اپنی بے مثال شریکِ حیات سے اور بے پناہ محبت کرنے والے جواں بیٹے سے متصل ہوئے۔


نوٹ: آپ اپنی خبریں، پریس ریلیز ہمیں ای میل zaraye.news@gmail.com پر ارسال کرسکتے ہیں، علاوہ ازیں آپ ہمیں اپنی تحاریر / آرٹیکل اور بلاگز / تحاریر / کہانیاں اور مختصر کہانیاں بھی ای میل کرسکتے ہیں۔ آپ کی بھیجی گئی ای میل کو جگہ دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: