گھوٹکی ٹرین حادثہ، مرنے والوں کی تعداد 50 سے تجاوز کرگئی
گھوٹکی کے قریب ملت اور سرسید ایکسپریس میں خوفناک تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں تین بوگیاں مکمل تباہ ہوگئیں۔
بوگیاں تباہ ہونے کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی ہوئے جن میں سے اب تک 50 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ریلوے حکام نے انکشاف کیا کہ گھوٹکی کے قریب ٹرین کی پٹری نہایت خستہ حالت میں ہے، جس کی نشاندہی گزشتہ ہفتے کی گئی تھی مگر کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔ محکمہ ریلوے گھوٹکی کے افسر نے کراچی سے لاہور جانے کے لیے استعمال ہونے والے ٹریک کو انتہائی خطرناک قرار دے دیا۔
متاثرہ افراد کے لواحقین نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے کا نوٹس لے کر وفاقی وزیر سمیت دیگر حکام کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔
دوسری جانب جائے وقوعہ پر ریسکیو کام جاری ہے، جس میں فلاحی اداروں کے رضاکاروں کے ساتھ پاک فوج کے جوان بھی شانہ بشانہ ہیں، جو زخمیوں کو بوگیوں سے نکال کر اسپتال منتقل کررہے ہیں۔