بلاول ہاؤس کے باہر مظاہرہ، گجر نالہ اور اورنگی متاثرین پر طاقت کا استعمال، 7 گرفتار
کراچی: اورنگی ٹاؤن اور گجر نالہ متاثرین کی بلاول ہاؤس کے باہر پرامن احتجاجی مظاہرے کو پولیس نے گرفتاریوں کی صورت میں منتشر کردیا۔
گجر نالہ اور اورنگی متاثرین نے ایک روز قبل لیز شدہ مکانات توڑنے اور بدلے میں کچھ نہ دینے پر بلاول ہاؤس کے باہر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
مظاہرین کی آمد کے قبل بلاول ہاؤس کے باہر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا، جبکہ اسپیشل فورس کے مستعد اہلکار بھی وہاںوجود تھے۔
مظاہرین نے جمع ہونا شروع کیا اور گھر کے بدلے گھر کے نعرے بلند کیے تو پولیس افسران نے انہیں وہاں سے جانے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں پولیس نے دو لڑکیوں سمیت 7 مظاہرین کو گرفتار کیا، جن میں تین صحافی بھی شامل ہیں۔
مظاہرین کی گرفتاری کے بعد عوامی ورکرز پارٹی اور سول سوسائٹی کے نمائندگان صدر تھانے پہنچے تو انہوں نے مظاہرین کو درخشاں تھانے منتقل کرنے کا بتایا، بعد ازاں درخشاں تھانے نے بھی گرفتاریوں سے انکار کیا اور مظاہرین کو کلفٹن تھانے منتقل کرنے کا بتایا۔
کلفٹن تھانے کے ایس ایچ او سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے گرفتاریوں سے صاف انکار کیا، جس کے بعد گرفتار افراد کے اہل خانہ کی پریشانی مزید بڑھ گئی۔
ایک پولیس افسر نے ذرائع نیوز کے نمائندے کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گرفتار افراد کو شام تک رہا کردیا جائے گا۔
اب سے کچھ دیر قبل مظاہرین کو رہا کردیا گیا۔