چوروں کی دیدہ دلیری، ایس پی میں چوری کی بڑی واردات
کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور چوری کی وارداتوں کے بعد اب ایک ایسی انوکھی چوری کی واردات ہوئی، جس کے بارے میں سُن کر آپ بھی دنگ رہ جائیں گے۔
ذرائع نیوز کو مصدقہ افراد سے ملنے والی اطلاع کے مطابق اب جرائم کی روک تھام کے لیے کام کرنے والے افراد بھی چوروں کی زد پر آگئے ہیں کیونکہ گزشتہ روز ایک ایسی ہی واردات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) نیو کراچی کے دفتر میں چوری کی واردات ہوئی، جہاں سے ملزمان کمپیوٹر لے کر باآسانی غائب ہوگئے، اس کمپیوٹر میں محکمہ سندھ پولیس کا بہت اہم ریکارڈ موجود تھا۔
چوری کی واردات کے بعد ایس پی نے نوٹس لیا اور فورا تفتیش شروع کرنے کا حکم دیا، جس کے مطابق اس معاملے میں کچھ اہلکاروں سے بھی شک کی بنیاد پر پوچھ گچھ کی جارہی ہے اور انہیں کلیئرنس نہ ملنے تک کہیں جانے کی اجازت نہیں ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں بڑھتی ہوئی چوری ، اسٹریٹ کرائم اور جرائم کی دیگر وارداتوں کی شرح میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جس کا اعتراف گزشتہ روز آئی جی سندھ نے صنعت کاروں سے ملاقات میں کیا اور بتایا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ایس پی آفس میں ہونے والی چوری پر ایک شہری نے رب کے حضور دعا کی کہ اللہ شہر اور پولیس حکام کے دفاتر کی حفاظت فرمائے۔