داؤد پبلک اسکول کا ضرورت مند بچوں کو مفت تعلیم دینے کا اعلان
کراچی: شہر قائد میں قائم نامور اسکول داؤد پبلک اسکول نے ضرورت مند بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کا اعلان کردیا۔
داؤد پبلک انتظامیہ کی جانب سے یہ شاندار اعلان آج بروز منگل 13 جولائی کو کیا گیا، جس میں اُن والدین کو متوجہ کیا گیا ہے جو اپنے بچوں کو تعلیم دلانے کے خواہش مند ہیں اور بوجہ تنگی معاش یا دیگر کے باعث یہ خواہش پوری نہیں کرپارہے۔
ترجمان داؤد پبلک اسکول کے مطابق داؤد پبلک اسکول کے احاطے میں قائم ایوننگ نامی پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت کم مستفیض بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ انتظامیہ کے مطابق اس پروگرام کے تحت طلبہ کو کتابیں، اسٹیشنری اور صحت مند غذا فراہم کی جائے گی۔ یہ پروگرام تمام عمر کی لڑکیوں جبکہ دس سال تک کے لڑکے لیے ہے۔
انتظامیہ نے وضاحت کی کہ ’ایوننگ پروگرام اسکول کا نعم البدل تو نہیں ہوگا البتہ بچوں کو انگریزی، اردو، ریاضی، معلوماتِ عامہ، کمپیوٹر اسپورٹس، آرٹ اینڈ کرافٹ اور اسٹیم پڑھایا جائے گا۔
اس پروگرام میں حصہ لینے کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے، خواہش مند والدین پیر تا جمعہ صبح ساڑھے 9 سے دوپہر دو بجے تک رابطہ کرسکتے ہیں۔ اسکول انتظامیہ نے اپیل کی ہے کہ اگر آپ کے ارد گرد ایسا کوئی بچہ ہے تو فوراً مطلع کریں۔