ایڈمنسٹریٹر کراچی،سندھ حکومت کے ترجمان ومشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کی بہتری کے لئے سب کو مل کر کام کرناہوگا کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیاجائے، صحافی برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے، یہ بات انہوں نے کراچی پریس کلب میں ویکسین سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر محمد فاضل جمیلی، سیکریٹری محمد رضوان بھٹی، مجلس عاملہ کے اراکین اور سینئر صحافی بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے سب مل کر کام کریں تاکہ صورتحال میں بہتری آئے اور ہم لاک ڈاؤن کی صورتحال سے نکل کر معمول کی زندگی بسر کریں اور شہر کی رونقیں بحال ہوں، انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب میں سینٹر کے قیام کے بعد صحافی اور ان کے اہل خانہ آسانی کے ساتھ ویکسی نیشن کروا سکیں اور حکومت کی بھی یہ کوشش ہے کہ شہریوں کو اس حوالے سے زیادے سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں، انہوں نے کہا کہ میں تمام صحافی برادری سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ویکسی نیشن لازمی طور پر کرائیں، ماسک کا استعمال کریں اور تقریبات میں جانے کیلئے ایس او پیز پر لازمی طور پر عمل کریں انہوں نے کہا کہ صحافی برادری انتہائی اہم ذمہ داریاں انجام دیتی ہے اور دوسرے محکموں کی طرح ان کی سروسز بھی لازمی سروس تصور کی جاتی ہیں، شہر بھر کی سرگرمیوں اور مسائل سے آگہی فراہم کرنے میں ہمارے صحافی برداری جو کردار ادا کررہی ہے وہ قابل ستائش ہے، کراچی پریس کلب کے سیکریٹری محمد رضوان بھٹی نے ویکسی نیشن سینٹر کے قیام پر سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پریس کلب میں سینٹر بننے سے ہمارے ممبران اور صحافی برادری کو بہترین سہولت میسر آگئی ہے اور امید کرتے ہیں کہ اس سینٹر کے قیام کے بعد صحافی حضرات اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے، انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کے آنے پر ان کا شکریہ اداکیا۔
