کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن، میڈیا اور تجزیہ کاروں پر مختلف پابندیاں

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات2021، الیکشن کمیشن کا میڈیا اور تجزیہ کاروں کیلئے ضابطہ اخلاق

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کنٹونمنٹ بورڈ کے 12 ستمبر کو ہونے والے انتخابات کیلئے مبصرین، سیکورٹی فورسز اور میڈیا کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے ایکریڈیشن کارڈ کے حامل کوئی مبصر یا صحافی انتخابی عمل کی مانیٹرنگ یا کوریج کر سکے گا، مبصرین پاکستان کی سالمیت اور اس کے عوام کی آزادی اور بنیادی حقوق کا احترام کریں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے مبصرین کیلئے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ مقامی اور عالمی تنظیم سے وابستہ کوئی بھی رکن پولنگ کے روز الیکشن کمیشن کی اجازت کے ساتھ انتخابی عمل کا مشاہدہ کر سکے گا، اس کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ کارڈ کا حامل ہونا ضروری ہے۔

مبصرین کی جانب سے پاکستان کے قوانین کا احترام کیا جائے گا۔ وہ کسی امیدوار یا سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت میں ملوث نہیں ہوں گے۔

میڈیا کیلئے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی بھی ریڈیو، ٹیلی ویژن یا چینل کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کے حق میں عوامی رائے کو متاثر کرنے کا کوئی مواد براڈ کاسٹ یا ٹیلی کاسٹ نہیں کر سکے گا۔

میڈیا پریذائیڈنگ آفیسر یا ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے جاری کئے گئے مستند انتخابی نتائج ہی جاری کر سکیں گے۔ کسی بھی امیدوار کی ذاتی زندگی کے بارے میں ریمارکس نہیں دیئے جا سکیں گے۔

میڈیا تمام امیدواروں یا سیاسی جماعتوں کیلئے مساوی کوریج ٹائم کا خیال رکھے گا۔ پیمرا سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو سرکاری اور پرائیویٹ ریڈیو، ٹی وی چینلز پر انتخابی مہم کیلئے دی جانے والی مانیٹرنگ کی کوریج کرے گا۔

کمیشن کی جانب سے سیکورٹی فورسز کیلئے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار کسی بھی ووٹر سے ان کی پرچی یا شناختی کارڈ کے بارے میں نہیں پوچھ سکیں گے کیونکہ یہ ذمہ داری پولنگ آفیسران کی ہے۔

کسی بھی اہل ووٹر کو پولنگ سٹیشن کے احاطہ میں داخل ہونے سے نہیں روک سکیں گے، کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے جس سے یہ تاثر ملے کہ وہ جانبدار یا متعصب ہیں۔ پولنگ سٹاف کی جانب سے دی گئی ذمہ داریوں کے علاوہ کوئی کام نہیں کریں گے۔

بیلٹ پیپر، مارکنگ ایڈز اسٹمپس ، آفیشل کوڈ مارکس اسٹمپس، انتخابی فہرستوں اور بیلٹ بکسز سمیت کوئی بھی انتخابی مواد اپنی تحویل میں نہیں رکھ سکیں گے۔

کسی امیدوار، انتخابی ایجنٹ، پولنگ ایجنٹ، مبصر یا میڈیا سے وابستہ فرد سے کوئی مباحثہ نہیں کریں گے۔ پولنگ اسٹیشن کے باہر ہونے والی کسی بے ضابطگی پر ازخود کوئی ردعمل نہیں دیں گے۔

پولنگ اسٹیشن پر کسی بھی فرد کو حراست میں نہیں لیا جا سکے گا، گنتی کے عمل میں مداخلت نہیں کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: