پی ایم ڈی اے بل، فواد چوہدری کا صحافیوں اور میڈیا مالکان پر الزام
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے میڈیا مالکان اور صحافیوں پر ایک بار پھر سنگین الزام عائد کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کی کال پر صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے میڈیا اتھارٹی بل کے خلاف ریلی نکالی اور پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دیا۔
اس دھرنے میں پی ڈی ایم کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وفد کے ساتھ شرکت کی جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
صحافیوں نے آج شام تک دھرنے کا اعلان کیا مگر اب امکان ہے کہ اس کا وقت مزید بڑھا دیا جائے گا کیونکہ حکومت کی جانب سے کوئی نمائندہ مذاکرات یا بات چیت کے لیے نہیں آیا۔
آج صبح وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے صحافیوں کے احتجاج پر شدید ردعمل دیتے ہوئے میڈیا مالکان اور نمائندوں پر سنگین الزام عائد کیا۔
چند میڈیا مالکان فیک نیوز کو اپنا حق قرار دے رہےہیں اور اپنے ملازمین کو کہ رہے ہیں تنخواہ کے ساتھ بونس بھی لیں اور سڑک پر نظر آئیں، عام میڈیا ورکر کو تحفظ اور فیک نیوز کے خلاف بھاری جرمانہ یہ قانون صحافت کے کیسے خلاف ہے؟ جھوٹی خبر کیسے بنیادی حق ہو سکتا ہے؟
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 13, 2021
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’چند میڈیا مالکان فیک نیوز کو اپنا حق قرار دے رہےہیں اور اپنے ملازمین کو کہ رہے ہیں تنخواہ کے ساتھ بونس بھی لیں اور سڑک پر نظر آئیں، عام میڈیا ورکر کو تحفظ اور فیک نیوز کے خلاف بھاری جرمانہ یہ قانون صحافت کے کیسے خلاف ہے؟ جھوٹی خبر کیسے بنیادی حق ہو سکتا ہے؟‘۔