عمر شریف کو قتل کیا گیا؟ اہلیہ کی جاری کردہ ویڈیو کے بعد نیا ہنگامہ

عمر شریف کی اہلیہ کا موت کی وجہ بننے والوں کو گریبان سے پکڑنے اور معاف نہ کرنے کا اعلان

پاکستان کے کامیڈین کنگ اور لیجنڈری اداکار عُمر شریف کی اہلیہ زرین غزل نے کہا ہے کہ وہ اُن کے شوہر کی موت کی وجہ بننے والے لوگوں کو کبھی معاف نہیں کریں گی۔

شوہر کے انتقال کے بعد سے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر زیادہ متحرک رہنے والی عُمر شریف کی اہلیہ نے ایک بار پھر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا۔

عُمر شریف کی اہلیہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں مختلف ناشتے اور عُمر شریف کو دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ویڈیو میں کچھ مناظر کامیڈین کنگ کے انتقال کے بعد کے اُن کے گھر کے ہیں۔

انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عُمر شریف کی اہلیہ نے کیپشن میں لکھا کہ ’40 دن سے میں نے ناشتہ اور کھانا نہیں بنایا، شادی کے وقت کھانا پکانا آتا ہی نہیں تھا سب عُمر کے لیے سیکھا صبح آپ کے لیے ناشتہ بنا کے ٹرالی سجا کر لانا اچھا لگتا تھا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اب میں ناشتہ نہیں بناتی، اب صبح اُٹھ کر چائے کا کپ سائیڈ ٹیبل پر نہیں رکھتی، اب صبح بیڈ روم کا ٹی وی آن نہیں کرتی، اب آپ کی کُرسی پر کوئی نہیں بیٹھتا۔‘

زرین عُمر نے کہا کہ ’آپ کے انتقال کے بعد سے گھر میں اور زندگی میں سب بدل گیا ہے۔‘

عُمر شریف کی اہلیہ نے جذباتی ہوتے ہوئے کہا کہ ’موت تو آنی ہے، مجھے بھی آئے گی لیکن میں اُن لوگوں کو کبھی معاف نہیں کروں گی جو آپ کی موت کی وجہ بنے۔‘ اُنہوں نے کہا کہ ’جو ساری دنیا کو ہنساتا تھا، اُس کو جس نے رُلایا، میں اُن کو معاف نہیں کرو ں گی۔‘

بشکریہ جنگ


نوٹ: آپ اپنی خبریں، پریس ریلیز ہمیں ای میل zaraye.news@gmail.com پر ارسال کرسکتے ہیں، علاوہ ازیں آپ ہمیں اپنی تحاریر / آرٹیکل اور بلاگز / تحاریر / کہانیاں اور مختصر کہانیاں بھی ای میل کرسکتے ہیں۔ آپ کی بھیجی گئی ای میل کو جگہ دی جائے گی۔

ٹویٹر: twitter.com/zarayenews

فیس بک: facebook/zarayenews

انسٹاگرام : instagram/zarayenews

یوٹیوب: @ZarayeNews