2021 میں خوراک کی عالمی قیمتیں 10 سال کی بلند ترین سطح پررہیں
روم: دنیا بھر میں خوراک کی قیمتیں 2021 کے دوران 10 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں
اقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن کے مطابق خوراک کی عالمی قیمتوں میں 2021 کے اندر پچھلے سال کے مقابلے میں اوسطاً 28 فیصد اضافہ ہوا، جو کہ 10 سال کی بلند ترین سطح ہے۔
ایف اے او کے مطابق سال کے آخری مہینے میں خوراک کی عالمی قیمتوں کے اندر قدرے کمی دیکھنے میں آئی۔ اس مہینے صرف ڈیری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن کا فوڈ پرائس انڈیکس تجارت کی جانے والی اشیاء خوردونوش کی بین الاقوامی قیمتوں میں ماہانہ تبدیلیوں پر نظر رکھتا ہے۔ فوڈ پرائس انڈیکس سال 2021 میں 125.7 رہا جو کہ اس دہائی کی بلند ترین سطح ہے۔
کھانے کے تیل کی قیمتوں میں پچھلے سال اوسطاً ۔66 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ جب کہ چینی کی قیمتیں 2016 کے بعد سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئیں۔ اناج کی قیمتوں میں 27 فیصد اضافہ ہوا جو کہ 2012 کے بعد سب سے زیادہ ہیں۔
