جانوروں میں پھیلنے والی بیماری لمپی اسکن کی روک تھام کے لئے ضلع ملیر کی بھینس کالونی میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے، ڈیری اینڈ کیٹل فارم ایسوسی ایشن کا اظہار اطمینان
کراچی (اسٹاف رپورٹر )ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر احمد چنہ کی ہدایت پر جانوروں میں پھیلنے والی بیماری لمپی اسکن کی روک تھام، کیڑے مکوڑے اور بیکٹریاکے خاتمے کے لئے ضلع ملیر کی بھینس کالونی اور اطراف میں لائیو اسٹاک ڈیپاٹمنٹ سندھ کے اشتراک سے جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا گیا اس سلسلے میں ڈیری اینڈ کیٹل فارم ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر نے حکومت سندھ،وزیر بلدیات سندھ اور ایم ڈی سالڈ ویسٹ زبیر احمد چنہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ ایس ایس ڈبلیوایم بی کی چائنیز کمپنی ہینگزو سینیٹیشن روزانہ کی بنیاد پربھینس کالونی اور مضافاتی علاقے میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کررہے ہیں جس سے یقینی طورپر لمپی اسکن جراثیم اور ڈینگی جیسی بیماریوں کا خاتمہ یقینی ہوگا انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایس ایس ڈبلیو ایم بی اس سلسلے کو آئندہ بھی جاری رکھے گی۔ دیگر تفصیلات میں ہاتھ کی اسپرے مشین اور سوزوکیوں میں اسپرے مشینوں کے ذریعے تمام جانوروں کے فارم اور اطراف کے علاقوں میں ٹیمیں اسپرے یقینی بنا رہی ہیں اس سلسلے میں چائنیز کمپنیز و افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے مثبت اقدامات یقینی بنا ئیں۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں گھر اور گھر کے باہر صاف یا گندا پانی جمع نہ ہونے دیں۔ کھلا کچرا باہر نہ پھینکیں کھلا کچرا گندگی اور جراثیم کی افزائش میں مدد گار ہوتے ہیں علاوہ ازیں انہوں نے شہریوں سے کچرا تھیلوں میں بند کرکے مقررہ جگہ پر رکھنے کی بھی اپیل کی۔انہوں نے تمام متعلقہ افسران اورچائنیز کمپنی کو علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے اور فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی نہ برتنے کی ہدایت جاری کی۔