کراچی کے علاقے لانڈھی اور کورنگی میں ایک واقعے کے بعد شدید کشیدگی پھیل گئی۔
معاملہ کچھ یوں پیش آیا کہ کورنگی نمبر پانچ کے قریب چند نوجوانوں نے تیز رفتاری اور کرتب دکھانے پر ایک رکشہ ڈرائیور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور رکشے میں توڑ پھوڑ کی۔
جس کے بعد ایک سیاسی جماعت کے کارکنان بڑی جلوس کی شکل میں وہاں پہنچے اور تشدد کرنے والوں کے ساتھ مار پیٹ کی مگر معاملہ انتہائی گھمبیر ہوا اور مسلح افراد نے لانڈھی کے تمام جبکہ کورنگی کے مخصوص علاقوں کے کوئٹہ ہوٹل (پختونوں کے ہوٹل) بزور طاقت بند کرادیے جبکہ وہاں مار پیٹ بھی ہوئی۔
رات گئے شروع ہونے والے مسئلے کے بعد ہفتے کے روز لانڈھی میں تمام پختونوں کے ہوٹل بند رہے جبکہ عوام شدید مشتعل ہیں، اس واقعے کے آفٹر شاکس دیگر علاقوں پر بھی نظر آئے۔ ذرائع کے مطابق عباس ٹاؤن سے متصل علاقے میں مشتعل نوجوانوں نے پاک سرزمین پارٹی کے بینرز اور پمفلٹ پھاڑ دیے جبکہ کچھ علاقوں میں ہوٹل پر بیٹھنے والے نوجوانوں کو بھی وہاں سے بھگا دیا گیا۔
لانڈھی کے علاقہ مکین بتا رہے ہیں کہ یہ معاملہ سیاسی اور لسانی صورت اختیار کرگیا ہے جس کی وجہ سے بہت زیادہ کشیدگی پائی جارہی ہے البتہ دونوں فریقین کے روشن خیال لوگ اس معاملے سے بہت دور اور امن کے خواہش مند ہیں۔
ان سارے معاملات کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے فوری طور پر اقدامات شروع کردیے ہیں تاکہ شہر کو کسی بھی لسانی آگ میں جھونکنے سے روکا جاسکے۔