رکن قومی اسمبلی، سیاستدان اور معروف نیوز اینکر عامر لیاقت حسین کو اپنے بچوں کی یاد ستانے لگی ، جس پر انہوں نے ایک جذباتی پیغام جاری کردیا۔
عامر لیاقت حسین نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی بیٹی اور بیٹے کے ہمراہ ایک یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے بچو اب تم بڑے ہو گئے ہو، دعا ہے کہ تم زندگی سے سیکھ کر ایک شاندار مقام حاصل کرو اور احمد تمھاری پڑھائی مکمل ہوگئی تم کامیابی حاصل کر کے بڑے انجینئر بنو‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’تمہارا باپ بے قصور تھا لیکن تم نہ پہلے سمجھے اور نہ اب سمجھو گے، اس کی وجہ بدترین سوشل میڈیا ہے جس کے سامنے اگر تم اپنا اصلی روپ رکھو گے تو وہ بغیر کسی رکاوٹ کے تم کو شیطان اور خاموش رہنے پر منافق کہتا ہے۔
انہوں نے اپنی بیٹی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’دعا! آپ میری عزت کریں یا نہ کریں، آپ کے پچھلے اسکول کے استاد نے مجھے اپنی کلاس میں “ڈیڈ مین” کہا تھا اور آپ نے وقتاً فوقتاً خاموشی اختیار کی یا اپنے باپ کو گالی دی، میں آپ سے ہمیشہ محبت کروں گا۔‘
View this post on Instagram
عامر لیاقت نے کہا کہ ’مجھ پر کچھ قرض ہیں اس کو جلد ادا کرو گا ابھی میرے پاس پیسے ختم ہو گئے ہیں اور میں جلد ملک چھوڑ جاؤں گا، میں تم دونوں کو مشورہ دیتا ہوں کہ کسی بھی قیمت پر اپنی ماں کی عزت کرنے سے باز نہ آنا اور جب بھی اسے ضرورت ہو ان کا خیال رکھنا، یہ بھی واضح کر دو کہ میں نے اسے طلاق نہیں دی تھی اور وہ سب غلط فہمی کی کہانی تھی، بشریٰ اب بھی میری بیوی ہے ہاں یہ اُس کی مرضی ہے کہ اُس نے اپنے نام سے میرا نام ’عامر‘ ہٹا دیا ہے۔
’بشریٰ ایک شاندار کردار، متقی اور مثالی علم کی حامل ہے، وہ ایک عظیم ماں ہے لیکن بدقسمتی سے بدترین بیوی ثابت ہوئی ہے، لوگ نہیں جانتے کہ 20 سال بعد میں نے دوسری بیوی کا انتخاب کیوں کیا، یہ ہمارا نازک اور ذاتی معاملہ ہے اور میں آپ کی والدہ کو بھی اجازت نہیں دوں گا اور کسی ایسے شخص کو بھی اجازت نہیں دوں گا جو میرے خاندان کی پرائیویسی پر حملہ کرے‘۔
عامر لیاقت نے اپنے بیٹے اور بیٹی سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں تم دونوں سے ہمیشہ محبت کرتا رہوں گا اور میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ اپنے آپ کو عزت دو، اگر آپ کے دل کی دھڑکن آپ کو بتاتی ہے کہ آپ کے والد ابھی زندہ ہیں اور آپ نے سنا ہے کہ آپ دونوں کے پاس نمبر ہے تو آپ رابطہ کرسکتے ہیں‘۔