جامعہ کراچی: سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد پیر16 مئی سے تمام کینٹینز کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کی تصدیق جامعہ کے رجسٹرار نے بھی کردی۔
ذرائع کو ملنے والی مصدقہ اطلاع کے مطابق رجسٹرار جامعہ کراچی پروفيسر ڈاکٹر مقصود علی انصاری کے مطابق سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد پیر16مئی سے جامعہ میں موجود تمام کینٹینز کھول دیئے جائیں گے،تاہم انہیں صرف ٹیک اوے کی اجاز ت ہوگی۔
واضح رہے کہ سینٹرل کیفے ٹیریا اور باقی تمام کینٹینز کی بندش کا فیصلہ سیکیورٹی صورت حال کے پیش نظر کیا گیا تھا اور اب جیسے ہی سیکیورٹی کلیئرنس ملی ہے فی الفور کینٹینز کے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
طالب علموں کے لیے ایڈوائزری
جامعہ کراچی محدودوسائل کے باوجود طلبہ کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں اور بہتر سے بہترسہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ طلبہ کواسٹوڈنٹس کارڈ جبکہ ملازمین کوایمپلائز کارڈ کے بغیر جامعہ میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔تمام طلبہ اور ملازمین کوہدایت کی جاتی ہے کہ وہ سیکیورٹی کے عملے سے تعاون کو یقینی بنائیں۔
علاہ ازیں جامعہ کراچی میں حال ہی میں آنے والی نئی بسوں اور پہلے سے موجود بسوں کے ذریعے بلا معاوضہ طلباوطالبات کو جامعہ کراچی کے داخلی دروازوں سے ان کے متعلقہ شعبہ جات تک پہنچانے اور واپس لے کر آنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔