کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں ڈاکوئوں نے مزید دو افراد کی جان لے لی ، واقعات سرجانی ٹائون اور نیو کراچی میں پیش آئے ، پولیس کی جانب سے اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے اقدامات محض نمائشی ہی ثابت ہورہے ہیں ، اسٹریٹ کریمنلز شہریوں کی بے دریغ جان لے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مزید دو افراد جان سے چلے گئے ، پہلا واقعہ سرجانی ٹائون سیکٹر سکس بی میں پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر تیس سالہ امجد ولد عبدالمالک کی جان لے لی ، مقتول کی ایزی لوڈ کی دکان تھی اور وہ دکان بند کرکے واپس گھر جارہا تھا کہ گھر کے قریب ہی ملزمان نے اسے لوٹنے کی کوشش کی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا گیا ، لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا لیکن اہل خانہ انتہائی مشتعل تھے اور وہ بغیر کسی قانونی کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے ، مقتول سرجانی ٹائون کا ہی رہائشی تھا۔
علاوہ ازیں دوسرا واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہی نیو کراچی میں پیش آیا جہاں اللہ والی بس اسٹاپ کے قریب ملزمان نے فائرنگ کرکے پچیس سالہ امان ولد وحید کی زندگی کا چراغ گل کردیا ، لاش کو عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا ، ورثا نے بتایا کہ امان چپل ہول سیل میں فروخت کرتا تھا اور چار بچوں کا باپ تھا ، وہ موٹر سائیکل پر کسی کام سے جارہا تھا کہ نامعلوم افراد نے اس سے لوٹ مار کرنا چاہی جس پر اس نے مزاحمت کی تو ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔
امان کو ایک گولی سینے میں لگی جوکہ جان لیوا ثابت ہوئی ، پولیس حکام کی جانب سے اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات محض نمائشی ہی ثابت ہورہے ہیں ، روزانہ کئی گھنٹے کی اسنیپ چیکنگ کا کوئی نتیجہ نہیں نکل رہا اور شاہین فورس بھی کوئی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی ہے ۔