Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6121
باصلاحیت کھڈے لائن، پیسہ بنانے والے تھانوں میں تعینات |

باصلاحیت کھڈے لائن، پیسہ بنانے والے تھانوں میں تعینات

کراچی(احسان یونس)شہر کے تھانوں میں پولیس حکام کے کماؤ پوت تھانیداروں کی تعیناتی کا انکشاف ہوا ہے۔پولیس حکام نے اقربا پروری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر امتحان پاس افسران کو اہم ترین تھانوں میں تعینات کر کے تھانیداری کے امتحان پاس کرنے والے تعیناتی کے منتظر افسران کو کھڈے لائن لگا دیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا منپسند اور بغیر امتحان پاس افسران کو تھانیداری سے نوازے جانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ دوسری جانب پولیس سربراہان کی پالیسی کے مطابق تھانیداری کیلئے امتحان پاس کرنے والے افسران کامیاب ہونے کے باوجود تاحال تعیناتیوں سے محروم ہیں۔

ڈسٹرکٹ سٹی کے رسالہ اور نیپیئر تھانے میں پولیس حکام نے کماؤ پوت نا اہل تھانیداروں کو تعینات کر کے امتحان پاس تھانیداروں کو تعیناتی سے محروم رکھتے ہوئے ایک بار پھر محکمہ پولیس میں اقربا پروری کو نا صرف ثابت کیا ہے بلکہ تھانیداری کا جذبہ و ہنر رکھنے والے قابل افسران میں مایوسی کو بھی جنم دیا ہے۔

تھانیداری کے امتحانات کے پہلے مرحلے سے لے کر 23 ویں مرحلے تک کامیاب ہونے والے سینکڑوں امیدوار تاحال تعیناتی کی امید لئے بیٹھے ہیں جبکہ ضلعئی پولیس سربراہان اندھا بانٹے رہوڑیاں اپنوں اپنوں کے مصداق منپسند افسران کو عہدوں سے نواز رہے ہیں ڈسٹرکٹ سٹی کے 2 اہم ترین تھانوں رسالہ اور نیپئر میں امین سولنگی اور سلیم مروت نامی افسران بطور ایس ایچ او تعینات ہیں جو کہ پولیس سربراہان کی پالیسی کے مطابق تھانیداری کے امتحان پاس کئے بغیر ہی تعیناتی کے مزے لوٹ رہے ہیں جس پر امتحان پاس کرنے والے سینکڑوں امیدوار افسران میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔

تعیناتی کے منتظر افسران کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی اپنی پالیسی پر عمل پیراں ہوتے ہوئے محکمہ پولیس میں اقربا پروری کا قلع قمع کرتے ہوئے تجربہ کار تھانیداروں کو اپنے فرائض سرانجام دینے کا موقع دیں تا کہ شہر کی عوام کو مسائل کے حل کیلئے پڑھے لکھے اور تجربہ کار افسران کا سامنا کرنا پڑے جہاں انصاف سائل کو باآسانی دستیاب ہو اور شہر کو اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر درپیش مسائل سے نکالا جا سکے۔