ڈولفن پر مہر لگائیں حالات تبدیل ہوجائیں گے، مصطفی کمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی کو اپنے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے ایوانوں میں حقیقی نمائندگی کی اشد ضرورت ہے جبکہ عمران خان این اے 237 اور این اے 239 سے جیت کر بھی استعفیٰ دے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اعظم عمران خان نے پہلے 230 ارب پھر 1100 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا لیکن ایک روپیہ بھی کراچی کو نہیں ملا، جب تحریک انصاف کے ساتھیوں سے بات کریں تو کہتے ہیں کہ 18 ویں ترمیم کے بعد یہ ممکن نہیں تو اسوقت بھی تو عمران خان اسی 18ویں ترمیم کے تحت ضمنی انتخاب لڑ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور انکے اتحادی ایم کیو ایم مسائل حل نہیں کر سکتے کیونکہ یہی مسائل کی وجہ ہیں۔ آخری مرتبہ کراچی ہمارے ہاتھوں سے بنا تھا اور ہم اس کے مسائل سمجھتے ہیں اور حل بھی جانتے ہیں۔

مصطفی کمال کا کہنا تھا ضمنی انتخابات میں عوام پاک سرزمین پارٹی کے نمائندوں شارق جمال اور عامر شیخانی کے لیے ڈالفن کے نشان پر مہر لگا کر کامیاب بنائیں تو انہیں حالات میں بہتری نظر آنے لگے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی الیکشن سیل میں پولنگ ایجنٹس اور علاقہ عمائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی اور اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: