ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت نے سندھ سے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر پیپلزپارٹی کے امیدوار وقار مہدی کی حمایت کا اعلان کردیا۔
وزیربلدیات کے ہمراہ پی پی کے دفد کی ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد آمد ہوئی، جہاں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے سیاسی صورت حال اور سینیٹ الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
ایم کیو ایم نے اس ملاقات میں ایک بار پھر پی پی قیادت کو حلقہ بندیوں اور بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا، جس پر پی پی کے قائدین نے تمام معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنونیئر وسیم اختر نے کہا کہ 8 دسمبر کو سندھ کی نشست پر ہونے والے سینیٹ الیکشن میں پی پی کے وفد نے ہماری حمایت مانگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفد نے درخواست کی ہے کہ ایم کیو ایم اپنا امیدوار دستبردار کرے، جس پر ہم نے اُن کی بات کو غور سے سُن کر وقار مہدی کی بطور امیدوار حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔
وسیم اختر نے بتایا کہ ایم کیو ایم کل اپنا امیدوار دستبردار کرلے گی۔ وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ دونوں جماعتیں اتحادی ہے مل کر مسائل کریں گے، مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔