حکومت کا کچی آبادی کے مکینوں‌ کو مالکانہ حقوق دینے کا اعلان

صوبائی حکومت نے کچی آبادیوں میں 30 گز کے مکانات میں رہنے والوں کو مالکانہ حقوق دینے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کاکچی آبادیوں کے مکینوں کیلئے بڑا اعلان کیا اور کہا کہ پنجاب کی کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے مالکانہ حقوق دینے کے لئے بورڈ آف ریونیو سے حتمی سفارشات طلب کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے لیگل فریم ورک کے تحت فی الفوراقدامات کیے جائیں، کچی آبادیوں میں 10مرلے تک اراضی والے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔ کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے تمام امورجلد طے کیے جائیں۔ مالکانہ حقوق دینے کی سمری کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کچی آبادیوں میں رہنے والے مکینوں کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا کریں گے۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب کی کچی آبادیوں کی تفصیلات طلب کرلیں

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام کچی آبادیوں کی تفصیلات جلد ازجلد وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائیں، کچی آبادیوں میں مقیم اصل حقداروں کو ان کا حق لوٹائیں گے، کچی آبادیوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا پلان بھی تیار کیا جائے۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کچی آبادیوں کے مکینوں کومالکانہ حقوق دینے کیلئے سفارشات کا جائزہ لیاگیا، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اورڈی جی کچی آبادیز نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو بریفنگ دی۔