کراچی: سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 15 ویں یومِ شہادت پر جلسہ عام کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور اور پی پی پی سندھ کے صدر سینیٹر نثار احمد کھڑو کی زیرِ صدارت زرداری ہاﺅس میں ہفتہ کو ایک ہائبرڈ اجلاس ہوا۔
جس میں منظور وسان، شرجیل میمن، سعید غنی، مرتضیٰ وہاب، جام خان شورو اور مکیش کمار چاولہ،سہیل انور سیال، ضیائ الحسن لنجار، ڈاکٹر عبدالواحد سومرو، شگفتہ جمانی، عاجز دھامراہ، جام اکرام اللہ دھاریجو، سسئی پلیجو، سرفراز راجڑ، نعمان شیخ ،پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، ناصر حسین شاہ، خورشید جونیجو، علی نواز شاہ، مہیش ملانی اور اعجاز احمد لغاری نے وڈیولنک کے ذریعے حصہ لیا۔اس موقع پراعجاز جکھرانی، پیر آفتاب شاہ جیلانی، بچل شاہ، دوست علی جیسر، ڈاکٹر مہرین بھٹو اورجاوید ناگوری بھی وڈیو لنک پر موجود تھے۔
فریال تالپور نے کہا کہ ملک بھر کے جیالے اور عوام 27 دسمبر کو اپنی قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گڑھی خدا بخش آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ویمن ونگ، پیپلز ہاری کیمٹی، پی وائی او، پی ایس یف اور پیپلز لیبر ونگ سمیت تمام ذیلی تنظیموں کے عہدیداران و کارکنان اور ہر مکتبہ فکر کے لوگ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
فریال تالپور نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی لاکھوں کی تعداد میں عوام جلسے میں شرکت کرکے اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کا خطاب سنیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ گڑھی خدابخش میں عوام کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔