کراچی: تحریک انصاف کراچی کے تحت ہفتہ کو الیکشن کراو ملک بچاؤ تحریک کے سلسلے میں انصاف ہائوس سےچینیسر ٹاؤن اعظم بستی تک ریلی نکالی گئی ۔
ریلی میں کارکنان و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی میں میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا کہ13 جماعتیں مل کر عمران خان کے خلاف ہیں۔
ساڑھے تین سال میں ان کو ایک گھڑی ملی ہے۔یہ تو گاڑیاں بھی لے گئے۔ان کے پاس سیاست ختم ہوگئی ہے۔یہاں گیس پانی اور بجلی نہیں ہے۔ان سے کام کوئی نہیں ہوتا سارا دن عمران خان کے خلاف بات کرتے رہتے ہیں۔ہمیں ضمنی نہیں عام انتخابات چاہیئں۔پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے کہا کہ 8ماہ میں امپورٹڈ حکومت نے معاشی افراتفری پھیلائی۔
ملک میں این آر او شروع ہوگیا 11سوارب کے مقدمے ختم ہوگئے۔بجلی کے بلوں میں دو گنا اضافہ ہوا۔مہنگائی 30فیصد بڑھ گئی ہے۔عوام مزید امپورٹڈ حکومت برداشت نہیں کرسکتے۔
تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز سے نمٹنے میں مکمل ناکام دکھائی دیتے ہیں، گزشتہ 11 ماہ کے دوران کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے 81 ہزار واقعات رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ، اس سال اب تک اسٹریٹ کرائمز کے دوران مجموعی طور پر 518 افراد شدید زخمی یا ہلاک ہوئے ہیں کراچی میں گاڑیوں کی چوری اور موبائل فون چھیننے کی وارداتیں جاری ہیں۔ 2022 کے پہلے 11 ماہ کے دوران 52,000 موٹر سائیکلیں چوری اور چھینی گئیں، اس کے ساتھ ساتھ 2,000 گاڑیاں بھی چھینی گئیں، جب کہ 26,400 کراچی والے موبائل فون سے محروم رہے۔اسٹریٹ کرائمز اور ان سے متعلقہ تشدد کے یہ واقعات خوفناک ہیں اور وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی پولیس سندھ اور سی سی پی او کراچی پولیس کی نااہلی کو بے نقاب کرتے ہیں۔