کراچی : صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہر قائد میں جلد سستی الیکٹرک ٹیکسی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔
سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تحت کراچی میں جلد الیکٹرک ٹیکسی سروس کا آغاز کیا جائے گا، جس کی تیکنیکی منظوری آج ایک اجلاس میں دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نجی ٹیکسی سروس کے مقابلے میں الیکٹرک ٹیکسی سروس سستی، محفوظ اور آرام دہ ہوگی۔ الیکٹرک ٹیکسی سروس کا کرایہ 2 سو سے 5 سو تک کا ہوگا اور یہ دو فیز میں لارہے ہیں۔ جس میں پنک سروس اور دوسری بلیو سروس شامل ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پہلے مرحلے میں الیکٹرک ٹیکسی سروس کا آغاز پنک ٹیکسی سروس سے ہوگا جو صرف خواتین کے لئے مختص ہوں گی اور سروس کی ڈرائیورز بھی خواتین ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسی سروس میں مسافروں کی حفاظت کے لیے مانیٹرنگ سسٹم اور کیمرے لگائے جائیں گے۔