پیرس:فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کردش کلچرل سینٹر اور ہیئرڈریسنگ سیلون میں 69 سالہ مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل اور مزید 3 کو زخمی کردیا۔
عینی شاہدین اور پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مسلح شخص نے کردش کلچرل سنٹر اور ہیئر ڈریسنگ سیلون میں فائر کھول دیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوئے اور 3 زخمی ہوئے،فائرنگ کے واقعہ کے بعد پیرس کے وسطی علاقے میں مظاہرے پھوٹ پڑے، کرد مظاہرین نے متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔
پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں 5اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔
رپورٹ کے مطابق پیرس کے ضلع ڈی انگیئن میں کردوں کی بڑی تعداد موجود تھی جہاں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس نے بتایا کہ سفید فام حملہ آور اس سے قبل دو مرتبہ شہریوں کے قتل کی کوششیں کرچکے ہیں اور تازہ واقعے میں انہوں نے ہیئرڈریسنگ سیلون میں داخلے سے قبل قریب ہی قائم کردش کلچرل سینٹر کو نشانہ بنایا۔