کراچی :ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اپنے 3031 مسیحی ملازمین کو 2 کروڑ سےزائدکی تنخواہیں اداکردی ہیں اور ان تنخواہوں میں سالانہ انکریمنٹ کااضافہ بھی کردیا گیا۔
حکومت سندھ کی جانب سے پینشن میں اضافے کے اعلان کےمطابق 5 فیصداضافہ کے ساتھ مسیحی پینشنرز کو پینشن بھی ادا کردی گئی ہے تاکہ وہ اپنے سب سے بڑے تہوار کرسمس کو بھرپور طریقے سے منا سکیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مسیحی ملازمین سمیت پاکستان اور دنیا بھر کے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی گراں قدر خدمات ہیں، کرسمس کے موقع پر ہم ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نےدفتر میں کیک کاٹ کرکرسمس کی تقریبات کاآغاز کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر انتھونی تیجا سمیت مسیحی برداری سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد بھی موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹرکراچی نےکہا کہ کرسمس کا تہوار دنیامیں منائے جانے والے بڑے تہواروں میں شامل ہے، یہ تہوار ہر سال پاکستان میں بھی مکمل جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے اور اس موقع پر پاکستانی قوم اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا بہترین مظاہرہ کرتی ہے۔