کراچی،حیدرآباد، سکھر،نوابشاہ: کراچی ،حیدرآباد، میر پور خاص ،نوابشاہ ،سکھر سمیت سندھ کے تمام شہری علاقوں میں مہاجر کلچر ڈے منایا گیا ۔اس حوالے سے مختلف مقامات پرریلیاں نکالی گئیں ، پریس کلبس اور دیگراہم شاہراہوں پر مہاجر قائدین نے خصوصی خطاب کیے۔
مختلف مقامات ، خصوصاً صنعتی علاقوں میں فیکٹریوں کے باہر ریلیاں نکالی گئیں ۔ مہاجر نغموں پر سفید پرچم اٹھا کر مہاجر نوجوان یکجہتی کے لئے موجود رہے ۔
اے پی ایم ایس او اور مہاجر یوتھ موومنٹ کی جانب سے ایام مہاجر ثقافت و مہاجر کلچر ڈے کے حوالے سے عائشہ منزل تا نمائش چورنگی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کے مختلف علاقوں سے خواتین، بچے،بزرگ اورنوجوانوں نے شرکت کی۔اس سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے تمام ٹاؤنز کے تحت استقبالیہ کیمپس لگائے گئے تھے اور ریلی کا مرکزی کیمپ عائشہ منزل پر لگایا گیا تھا جہاں سے شہر بھر کی ریلیاں جمع ہوکر نمائش چورنگی کیلئے ریلی کا آغاز کیا۔
نوجوانوں،بزرگ اورخواتین نے روایتی لباس سفید کرتا پاجامہ زیب تن کررکھا تھا اور انکا جوش قابل دید تھا۔ ریلی میں شرکاء کی جانب سے فلگ شگاف نعرے بلند کئے جارہے تھے اور نوجوان ترانوں پر رقص کررہے تھے۔
ریلی کے شرکاء پرایم کیو ایم کے لگائے گئے کیمپس سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ نمائش چورنگی پر10 فٹ اونچا اور 40فٹ چوڑا اسٹین تیار کیا گیا تھا جس پر 15×40فٹ کی اسکرین نصب کی گئی تھی جس پر ٹائیٹل ہجرت پر مجبور نہیں تھے ہجرت پر مامور تھے ہم درج تھا۔ ٹریفک کی آسانی کیلئے ایم کیو ایم پاکستان کے مختلف مرکزی شعبہ جات کے اراکین مامور تھے ٹریفک روانی سے رواں دواں رہا۔
حیدرآباد میں مہاجر ثقافتی دن کے موقع پرایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے تلک چاڑی سے حیدر چوک تک ریلی نکالی ئی، ریلی میں ایم کیو ایم کے ارکان ڈسٹرکٹ کمیٹی و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے زونل آرگنائزر ظفر صدیقی، اراکین قومی اسمبلی صلاح الدین، انجینئر صابر قائم خانی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مہاجروں کے آباؤ اجداد نے بنایااس کیلئے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دیں ، آج یہ ملک اس بحرانی کیفیت سے دوچار ہے اس سے مہاجرو ں کے دل خون کے آنسو ہورہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مہاجر ثقافت پوری دنیا میں جانی پہچانی جاتی ہے اور مہاجروں کی ثقافت کی تاریخی حیثیت کوکبھی کوئی مسخ نہیں کرسکتا۔ٹنڈوآدم میں مہاجر کلچر ڈے کے موقع پر نوجوانان یوتھ کہ جانب سے پروقار ریلی کا انعقاد کیاگیا۔پریس کلب کے سامنے ڈھول کی تھاپ پر رقص اورکلچر ڈے کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔
نوابشاہ میں مہاجر یوم ثقافت پر ایم کیو ایم پاکستان کے انچارج معظم خان،واراکین کمیٹی یونس قریشی ،لیاقت ملک ،جاوید آرائیں کی قیادت میں عبدالقادر پارک سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی شہر کے مختلف مقامات سے ہوتی ہوئی کیفے شیراز چوک پہنچی ۔مہاجر یوم ثقافت ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے معظم خان،یونس قریشی ،لیاقت ملک، جاوید آرائیں ودیگر نے کہا مہاجر ثقافت ہماری پہچان ہے،دیگر اقوام کی طرح مہاجر ثقافت کا تحفظ اور اسے روشناس کرانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
میرپورخاص میں مہاجر یوم ثقافت کے موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام میرپورخاص میں پوسٹ آفس چوک سے میرپورخاص پریس کلب تک عظیم الشان ریلی کا انعقاد ہوا،جس میں ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارج آفاق احمد خان و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی،تمام یوسیزکے ذمہ داران و کارکنان،اے پی ایم ایس او، ایلڈرز ونگ اور یو ایل ایف سمیت دیگر تمام شعبہ جات کے ذمہ داران و کارکنان سمیت تاجران اور حق پرست عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر نوجوانوں کا جذبہ دیدنی تھا۔ فضائیں ایم کیو ایم پاکستان کے ترانوں سے گونج رہی تھی ،ریلی کے شرکاء پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کررہے تھے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم نے کہا کہ مہاجروں نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا بھرپور کردار اداکیا۔