کراچی : پاکستان سب میرین ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کے تحت پاک بحریہ نے ایک اورسنگِ میل عبورکرتے ہوئے پہلی ہنگورکلاس آبدوزکی تعمیراوردوسری آبدوزکی اسٹیل کٹنگ کا آغازکردیا۔
افتتاحی تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی،چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی مہمان خصوصی تھے،پاکستان اورچین کے مابین دفاعی معاہدے میں آٹھ ہنگورکلاس آبدوزوں کی تعمیرشامل ہے جس میں سے چارآبدوزیں ووشانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ،چین میں جبکہ چارکراچی شپ یارڈ میں ٹرانسفرآف ٹیکنالوجی معاہدے کے تحت بنائی جارہی ہیں،پہلی آبدوزکی تیاری کا آغازدسمبر 2021ء میں کراچی شپ یارڈ میں ہوا،کسی بھی زیرتعمیرجہازکیلئے keel laying ایک اہم مرحلہ ہے۔
اسکے ساتھ ہی شپ یارڈ میں دوسری آبدوزکی تعمیرکا آغازکیاجاچکا ہے،ہنگورکلاس آبدوزہرقسم کے خطرات سے نمٹنے والی جدید آبدوزہے،اس آبدوز میں جدید اسٹیلتھ خصوصیات کے ساتھ ساتھ جدید ترین ہتھیاراورسنسرزنصب ہیں جو کثیرالجہتی خطرات سے نمٹنے اوراپنے ہدف کودورتک نشانہ بنانیکی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس موقع پرمہمانِ خصوصی ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ بیک وقت دو آبدوزوں کی تعمیراوراسٹیل کٹنگ باعث فخرہے،انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ خطے میں ابھرتی ہوئی جیواسٹرٹیجک صورتحال سے آگاہ ہے اورروایتی و غیرروایتی خطرات کا مقابلہ کرنے کی جنگی صلاحیت کو فروغ دینے، جہازسازی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتربنانے اورپلیٹ فارمزکو جدید ہتھیاروں/ سنسرز سے لیس کرنا جاری رکھے گی،انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ آبدوزیں پاک بحریہ کی آپریشنل ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
ایم ایس چائنا شپ بلڈنگ آف شورکمپنی (CSOC) کے نمائندے نے تقریب کے انعقاد پرپاک بحریہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انکی کمپنی پاکستان میں آبدوزوں کی بلاتعطل تعمیرکیلئے تمام وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائے گی،تقریب میں ایم ایس سی ایس او سی (چین) کے نمائندگان اوردیگراعلیٰ عہدیداران بشمول چینی سفارت خانے،وزارت دفاعی پیداوار،پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کے سینئرحکام نے شرکت کی۔