کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی تعمیر وترقی اور تحریک وجدو جہد کی کامیابی میں خواتین اور نوجوانوں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، اسلام دین فطرت، مکمل نظام و ضابطہ حیات ہے اس نے خواتین کو جو عزت و احترام،بلند مقام اور حقوق دیئے ہیں وہ کسی اور مذہب نے نہیں دیئے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ خواتین کے مسائل کے حل اور حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے اور نوجوانوں کو آگے بڑھایا ہے۔
رنگون والا ہال میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت ”جے آئی یوتھ ویمن کنونشن“ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا اور پورے ملک کو چلانے والا شہر ہے، قومی معیشت کا دارو مدار اسی شہر پر ہے اور یہ قومی خزانے میں 67فیصد ریونیو جمع کراتا ہے، صوبائی بجٹ کا 95فیصد حصہ فراہم کرتا ہے لیکن اسے اس کا جائز اور قانونی حق نہیں دیا جاتا جس کی وجہ سے تین کروڑ سے زائد آبادی والا شہر سنگین مسائل کا شکار ہے۔
انہوں نے کہاکہ حقوق کراچی تحریک کی صورت میں جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کی سب سے زیادہ موثر اور توانا آواز بن چکی ہے، اس تحریک میں خواتین اور نوجوانوں کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ ویمن یوتھ کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ مقامی مسائل و حالات کے ساتھ ساتھ قومی و بین الاقوامی حالات اور تناظر سے بھی باخبر رہیں۔
سمیحہ راحیل نے کہا کہ کراچی عروس البلاد کہلاتا تھا،مگر آج کراچی تباہ حال ہے، ٹوٹی سڑکیں اور کچرا دیکھ کر کوئی اسے پاکستان کا معاشی حب اور میگا سٹی نہیں کہہ سکتا،ان حالات میں جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے لیے امید کی کرن ہے۔ آج سیاست میں اخلاقی قدریں پامال کی جارہی ہیں۔ ہمیں سوچنا ہو گا کہ ہم نئی نسل کو کیسا پاکستان دے رہے ہیں۔ سیاست میں شرافت صرف جماعت اسلامی کا خاصہ ہے۔