کراچی:وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی کرانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردِعمل دیا ہے۔ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں ابہام ہے،الیکشن کمیشن کا تحریری فیصلہ آیا تو معاملے کو دیکھیں گے۔
وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ نوٹیفکیشن جاری کرنے یا واپس کرنے کا اختیار سندھ حکومت کا ہے۔
ایم کیو ایم کے تحفظات کو مدِنظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت نے اختیارات کا استعمال کیا جبکہ آڈیننس لانے کے حوالے سے میرے پاس کوئی اطلاع نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین اور قانون کے تحت احتجاج کرنا جماعت اسلامی کا حق ہے،سندھ حکومت نے آئین و قانون کے تحت اختیارات کو استعمال کیا جبکہ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کراچی اور حیدر آباد کے عوام کی کامیابی ہے۔