کراچی: سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنا شروع ہوگئے ۔ کراچی ، حیدرآباد سمیت شہری علاقوں میں ٹرن آئوٹ انتہائی کم رہا۔
بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ 5 بجے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود ووٹرز کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی گئی۔
کراچی کے انتخابی حلقوں میں روایتی گہما گہمی اب تک دکھائی نہ دی۔ لانڈھی , کورنگی , لیاقت آباد , سرجانی , عزیز آباد سیت شہر کے اکثر علاقوں میں پولنگ اسٹیشنوں پر سناٹا نظر آیا۔
جماعت اسلامی , تحریک انصاف , ٹی ایل پی اور دیگر جماعتیں 12 بجے تک شہریوں کی بڑی تعداد کو پولنگ اسٹیشنز تک لانے میں ناکام رہے جس کے سبب ٹر ن آؤٹ کم رہا اور صبح سے دوپہر تک بہت کم لوگ ووٹ کاسٹ کرنے باہر نکلے تاہم حسب معمول شام کو کچھ رش دیکھنے میں آیا، اگرچہ وہ بھی معمول سے کم تھا۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے پولنگ کا وقت بڑھانے کی درخواست کی تھی جسے مسترد کردیا گیا۔