کراچی : وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگیا، مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 0.44 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 32 فیصد تک بڑھ گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے گندم آٹے سمیت 23 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 21 اشیائے خورونوش کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ اس دوران سات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتےڈبل روٹی، لہسن، انڈے، دال مونگ، چاول، پیاز دال چنا، ماش، مسور، ایل پی جی گیس بھی مہنگی ہوئی جبکہ ٹماٹر، آلو، چکن، گھی، کوکنگ آئل، چینی نسبتا سستی ہوئی،۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے دیگر مختلف شہروں میں آٹے کا تھیلا 1295 روپے، حیدرآباد میں 20 کلو آٹا 3 ہزار روپے، کراچی میں 2900 روپے جبکہ گوجرانوالہ میں آٹے کی قیمت 2867 روپے تک پہنچ گئی۔