کراچی : پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ 2018 کے دھاندلی شدہ انتخابات کے نتائج کو کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی کو اس شہر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت قرار دے کر بے نقاب کردیا ہے۔اب تک کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 100 سے زائد یونین کونسلز میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ مئیر کراچی کوئی ایک جماعت نہیں لاسکتی البتہ یہ بات حتمی ہے کہ پیپلز پارٹی تحریک انصاف سے کسی صورت مئیر کے لئے بات نہیں کرے گی۔
سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کل کے انتخابات میں کراچی کے عوام نے پیپلزپارٹی پر اعتماد کیا ،ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ ہم سب سے بڑی پارٹی بن کر آئیں گے۔ نتائج کی تاخیر پر ہمیں بھی تشویش ہے،ہم 100 سے زائد یوسی جیت رہے ہیں اور جماعت اسلامی ہم سے چند نشستیں پیچھے ہے، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو چھوڑ کر بھی پچیس دیگر امیدوار جیتے ہیں،اس کے علاوہ مخصوص نشستوں پر بھی ہماری نشستوں کے حساب سے زیادہ ارکان ہوں گے اس لئے ممکن ہے ہم مکمل نتائج کے بعد اس پوزیشن میں ہوں گے اپنا مئیر خود بنا سکیں۔
سعیدغنی کےمطابق،پی ٹی آئی کے دماغ میں ہوا تھی کہ کراچی کے عوام ان کے ساتھ ہیں اس ہوا کو اس شہر کے غیور عوام نے نکال دیا ہے،میں جماعت اسلامی اور ان کے امیر کراچی حافظ نعیم الرحمان کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان کی کارکردگی بہتر رہی اور وہ اب تک کے نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی سے تھوڑا سا پیچھے ہیں۔
سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کے خدمت کی ہے اور اس کے ثمرات کل کے انتخابات کے نتائج ہیں، پیپلز پارٹی کے حوالے سے یہ تاثر غلط ہے کہ وہ کبھی کراچی سے کامیاب نہیں ہوئی، ہماری تو خواہش تھی کہ ایم کیو ایم انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرے،احتجاج ان کا حق ہے ، ہم کوشش کریں گے اور تمام کامیاب پارٹیوں سے بات کریں گے کہ مئیر پیپلز پارٹی کا ہو البتہ ہم تحریک انصاف سے کسی صورت بات نہیں کریں گے۔