حیدرآباد: حیدرآباد کے نواحی علاقے ٹنڈوجام میں زہریلا حلوہ کھانے سے دو بہنیں جان کی بازی ہار گئیں، دو بھائیوں کی حالت تشویشناک، کراچی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حیدرآباد کے نواحی علاقے ٹنڈوجام کے میر پاڑے میں محمد اکرم راجپوت کے گھر میں رات گئے حلوہ کھانے والے 4 بچے بیہوش ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لئے تعلقہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں حالت تشویشناک ہونے پر انہیں کراچی منتقل کردیاگیا۔
کراچی میں دو بہنیں 7 سالہ رومیسا اور 2 سالہ انعمتا دم دوڑ گئیں جبکہ دو بھائیوں 14 سالہ ثاقب اور 12 سالہ واحد کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق گھر والوں نے گذشتہ شب گاجر کا حلوہ تیار کیا تھا جس میں ڈالا گیا کھویا خراب نکلا، حلوہ کھانے سے چار بچے بے ہوش ہوئے جنہیں پہلے تعلقہ اسپتال اور پھر بعد میں کراچی منتقل کیا گیا۔