بصرہ : عراق کے جنوبی شہر بصرہ میں بین الاقوامی اسٹیڈیم کے باہر بھگدڑ مچنے سے 2 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب چار دہائیوں میں ملک میں منعقد ہونے والے پہلے بین الاقوامی فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کو دیکھنےکے لیے تماشائیوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم کے باہرجمع ہوئی تھی۔
بصرہ جنرل اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ دو افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوئے ہیں۔ان میں سے بعض کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
عراق کی وزارتِ داخلہ نےایک بیان میں ان لوگوں پر زوردیا ہے جن کے پاس فائنل میچ دیکھنے کے ٹکٹ نہیں ہیں،وہ اسٹیڈیم کا علاقہ چھوڑدیں۔اس میں کہا گیا ہے کہ اسٹیڈیم بھرا ہوا ہے اور تمام گیٹ بند کردیے گئے ہیں۔عراق کے نئے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ ’’خلیج کپ کے 25 ویں ایڈیشن کے فائنل میچ کو اس کی سب سے خوب صورت شکل میں دکھانے کے لیے حکام کی مدد کریں۔