اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر پہنچ گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف چیمبر میں موجود نہیں تھے۔
شاہ محمود قریشی کے ہمراہ اسدعمر، شیریں مزاری، ملیکہ بخاری اور تاشفین صفدر اسپیکر چیمبر میں موجود تھے۔شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ہمیں اسمبلی میں بلوایا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ میں ایسے استعفے منظور نہیں کر سکتا، کیا جن کے استعفے منظور کیے گئے انہیں اسپیکر نے بلایا تھا؟۔اسد قیصر کا کہنا ہے کہ یہ غیرقانونی ہے، جمہوریت کے نام پر مذاق ہے، ہم چاہتے تھے کہ ہمارے جو ایم این ایز ہیں وہ اسمبلی جائیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم ایک مجبور، لاچار پارلیمنٹ کے سامنے کھڑے ہیں، اسپیکر کہتے تھےکہ 17 سے 18 لوگ ان سے رابطے میں ہیں، ان سے پوچھتا ہوں کہ وہ 17 سے 18 لوگ کہاں ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آج بہت بڑے سیاسی اور معاشی بحران کا شکار ہے، خدشہ ہے کہ ہم سری لنکا جیسی صورتحال کی طرف بڑھ رہے ہیں، مریم نواز کے کہنے پر 2 ارکان نے استعفے نہیں دیے تھے۔ان کا کہنا ہے کہ جوحکومت اب ہے وہ صرف 36 فیصد کی نمائندہ ہے،بند کمروں کے فیصلے ہیں جن کی وجہ سے عوام بحران کا سامنا کررہے ہیں، ہماری 81 ایم این ایز کی نشستوں پر استعفے منظور ہوچکے ہیں، ہمیں عام انتخابات کی تاریخ دی جائے۔
اس موقع پر اسد عمر نے کہاکہ ملک ہر گزرتے دن کیساتھ تباہی کی دلدل میں دھنستا جارہاہے۔
