اسلام آباد : حکومت نے اخراجات میں کمی کےلیے 15 رکنی کمیٹی بنادی، سابق پرنسپل سیکریٹری ناصر محمود کھوسہ کو کنوینر مقرر کیا ہے۔
کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا، جس کے مطابق حکومت مالیاتی نظم و ضبط اورکفایت شعاری کےلیے اقدامات کر رہی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کمیٹی کی شریک کنوینر مقرر کی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی ارکان میں زبیر خان، قیصر بنگالی، فرخ سلیم، گورننس اسپیشلسٹ محمد نوید افتخار، معاون خصوصی خزانہ، مشیر اسٹیبلشمنٹ، معاون خصوصی حکومتی کارکردگی کمیٹی، چیئرمین سی ڈی اے، خزانہ، کابینہ، پاور اور ہاؤسنگ کے سیکریٹریز اور چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت خزانہ کمیٹی کےلیے سیکریٹریل سپورٹ فراہم کرے گی جبکہ یہ کمیٹی 15 دن میں وزیراعظم کو سفارشات دے گی۔