کراچی : سربراہ ایم کیوایم پاکستان ورکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی و گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ سید شکیل احمد ودیگر کے ہمراہ ڈی ایم سی ایسٹ کی جانب سے ایکسپو سینٹر اور سوک سینٹر کے سنگم پر قائداعظم مونومنٹ وپارک کا افتتاح کر دیا ہے.
اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی اب نہ سرخ نہ سبز بلکہ سر سبزوشاداب ہوگا، ایڈمنسٹریٹر کراچی، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ سید شکیل احمد ودیگر کراچی کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں جس کا ایک عملی ثبوت یہ مونومنٹ اور پارک ہے۔ کراچی کو سرسبزوشاداب اور سہولیات سے آراستہ شہر بنانے کیلئے حق پرست بلدیاتی افسران کے آنے کے بعد شہر میں نمایاں تبدیلی آئ ہے جو مزید بہتر ہوگی.
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے اس موقع پر کہا کہ شہر میں ہر اس سرگرمی کو سر انجام دیں گے جو کراچی کی رونقیں بحال کرے، دس بارہ سال میں جو کام نہیں ہوئے اب ہونگے، ایکسپو سینٹر اور سوک سینٹر کے سنگم پر قائداعظم مونومنٹ نہ صرف نیچے بلکہ حسن اسکوائر پل سے دلکش دکھائی دے رہا ہے جس کا سہرا ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ سید شکیل احمد کے سر جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کراچی کو مختلف مافیاز کی وجہ سے جو نقصان پہنچا ان سے سختی سے نمٹیں گے بحثیت گورنر سندھ وعدہ کرتا ہوں کہ کراچی کی محرومیاں دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرونگا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ سو دن میں جو چیزیں مشاہدہ کی ہیں اس کے تحت کام کرینگے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو کہا ہے کہ وہ کراچی میں کلین وگرین کلچر سمیت دیگر بنیادی مسائل کے حل کیلئے کام کریں.
ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ، سید شکیل احمد نے اس موقع پر کہا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ ضلع شرقی کی بہتری کیلئے کام سر انجام دئیے جائیں جب سے چارج سنبھالا ہے ضلع شرقی کے علاقوں وشاہراہوں کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں جس کی ایک کڑی یہ مونومنٹ وپارک ہے.
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ، رکن صوبائ اسمبلی غلام جیلانی، فوکل پرسن امتیاز بھٹو، سپریٹنڈنگ انجنئیرز مبین شیخ، سلمان میمن، ڈائریکٹرز توقیر عباس، الہی بخش، جام رضوان، خورشید علی، زاہد بن خلیل، محمد اکرم خان، ارشاد علی ودیگر افسران سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی.