ممبئی: بالی ووڈ کے نامور اداکار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ کریئر کے ابتدائی دنوں میں سوناکشی سنہا انہیں انکل کہہ کر مخاطب کرتی تھیں۔
سلمان خان نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ سوناکشی سنہا دبنگ فلم کی شوٹنگ کے دوران مجھے ’سلمان انکل‘ کہہ کر بلاتی تھیں تاہم وہ آجکل مجھے کسی بھی طرح سے مخاطب نہیں کرتیں۔
سلمان خان کی فلم دبنگ 2012 میں ریلیز ہوئی جس میں سوناکشی سنہا نے ڈیبیو کیا اور اْس وقت اْن کی عمر 17 سال کے قریب تھی جبکہ سلمان خان 45 سال کے تھے۔
دونوں کی عمر کے درمیان میں خاصا فرق تھا جس کی وجہ سے سوناکشی نے سلمان خان کو انکل کہہ کر مخاطب کیا۔ سلمان خان نے کہا کہ سوناکشی کا انکل کہنا دراصل عمر کے فرق کی وجہ سے تھا کیونکہ انڈسٹری میں ہیرو اور مرکزی اداکارہ کی عمر میں بہت زیادہ فرق ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں نے کرینہ کپور کے ساتھ طویل عرصے تک کام نہیں کیا۔
دبنگ خان نے کہا کہ جب میں نے کرینہ کو دیکھا تو اْس وقت اْن کی عمر صرف 9 سال تھی، اسی وجہ سے ہم نے ساتھ کام نہیں کیا جبکہ میں نے اْن کی بڑی بہن کرشمہ کپور کے ساتھ کام کیا اور اسی دوران کرینہ سے بھی ملاقات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بڑی عمر کے اداکارائیں انڈسٹری میں نہیں ہیں اس لیے انہیں ساتھ کام کرنے کا موقع نہیں ملا تاہم اگر کبھی شلپا سیٹھی یا مادھوری ڈکشت کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو وہ ضرور فلم کریں گے۔
سلمان خان نے کم عمر کی اداکاراؤں کے انتخاب کے سوال پر کہا کہ ’پروڈیوسر ایسی ہی فلموں کی پیش کش کرتے ہیں، میرا کسی کی عمر سے کوئی لینا دینا نہیں البتہ میں اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھتا ہوں۔
سلمان خان کی نئی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ میں بھی پچیس سال چھوٹی اداکارہ پوچا ہیگڑے اْن کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔