اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے ایران میں انقلاب کی 44 ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات لسانی، ثقافتی اور مذہبی بنیادوں پر استوار ہیں۔
ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے ایران میں انقلاب اسلامی کی 44 ویں سالگرہ کے موقع پرایران کے اسلامی انقلاب کے رہنما آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو مبارکباد کا خط لکھا ہے اور پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ انہوں نے اپنے تہنیتی خط میں کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات لسانی، ثقافتی اور مذہبی بنیادوں پر استوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں میں ان روابط کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی صحت اور اسلامی جمہوریہ ایران کے برادر عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔