کراچی پریس کلب کی انتظامیہ کی کاوشوں سے صحافی کارکنان اور کلب ممبران کیلیے جناح اسپتال میں خصوصی ڈیسک کے قیام کا اعلان کردیا گیا۔
جناح پوسٹ میڈیکل سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول نے کہا ہے کہ جناح اسپتال میں پریس کلب کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کے علاج کے لیے مختلف ماہرین طب کی نگرانی میں علیحدہ سے ہیلتھ ڈیسک قائم کی جارہی ہے جبکہ ایم آر آئی، سٹی اسکین، الٹراسائونڈ اور امراض نسواں کے لیے بھی دن مقرر کیے جارہے ہیں تاکہ پریس کلب کے ممبران کو حصول علاج میں کسی قسم کی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد ،نائب صدر مشتاق سہیل ،اراکین مجلس عاملہ اور ہیلتھ رپورٹرز سے بات چیت کررہے تھے۔
پروفیسر شاہد رسول نے کلب کے بلامقابلہ منتخب ہونے والے تمام عہدیداروں کو مبارک باد دی۔ انہوں نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں ہیلتھ رپورٹرز کے تربیتی سرٹیفکیٹ کورس کرانے کا بھی اعلان کیا۔انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں صحت کے مسائل ہولناک صورت اختیار کررہے ہیں لہذا ضروری ہے کہ جدید طبی معلومات کے لیے ہیلتھ رپورٹرز کے کورسسز جناح میڈیکل یونیورسٹی میں کراے جائیں۔
اس سلسلے میں کلب کی موجودہ باڈی اور جناح یورسٹی کے درمیان جلد ہی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے ممبران کی سہولیات کے لیے صبح اور شام کو ایک الگ ڈیسک کھولا جائے گا۔ خصوصی ڈیسک جناح اسپتال کے شعبہ حادث میں قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال میں ممبرز اور ان کے اہل خانہ کے ایک تشخیصی ٹیسٹ، الٹراسائونڈ اور ٹیسٹ ترجیحی بنیاد پر کئے جائیں گے۔کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد نے ڈاکٹر شاہد رسول کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب جناح اسپتال کے تعاون سے اپنے ممبران کو صحت کی مناسب سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گا۔
قبل ازیں کراچی پریس کلب کے صدر اور سیکریٹری کی جانب سے ڈاکٹر شاہد رسول کو اجرک اور کلب کی شیلڈ پیش کی گئی۔ پروفیسر شاہد رسول کو کلب میں قائم کئے جانے والے کلینک اور ڈیجیٹل اسٹوڈیو سمیت مختلف شعبوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔