ملتان: پاکستان سپر لیگ کی 8سالہ تاریخ میں پہلی بار سرزمین اولیائے کرام افتتاحی تقریب کی میزبانی کیلئے تیار ہے، قدیم تاریخی شہر ملتان میں پی ایس ایل 8 آج رنگارنگ تقریب سے شروع ہوگا ۔
کھلاڑیوں نے بھی دنگل کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے ، آتشبازی کا مظاہرہ ہوگا ۔ پی ایس ایل تاریخ کے قومی و بین الاقوامی کرکٹرز کے قد آدم پورٹریٹ سڑکوں، فلائی اوورز پر سجائے گئے ہیں۔
پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کو پہلی بار ڈیجیٹل انداز میں کلر فل بنایا جائیگا ۔ قوس و قزح کے رنگ بکھیرتی ہوئی لیزر شعاعوں کی روشنیوں میں سے افتتاحی تقریب کے حسن کو چار چاند لگانے کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈیجیٹل مواصلاتی ٹیکنالوجی کی مدد سے جدید روشنیوں کے ذریعے زمین سے آسمان تک مصوراتی حسن کے مناظر سے نہ صرف اسٹیڈیم میں بلکہ میلوں دور سے آسماں پر بھی دیکھے جاسکیں گے۔
افتتاحی تقریب سے قبل سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کر لئے گئے ،پولیس سمیت 10 ہزار سے زائد دیگر سکیورٹی ایجنسیز کے چاق و چوبند اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، پی ایس ایل سیزن 8 کے آفیشل سانگ پر سٹیڈیم میں بھنگڑوں کا پروگرام بھی بنایا گیا ہے۔معروف گلوکار اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ 13فروری سے 19مارچ تک پی ایس ایل سیزن 8کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندر اور ہوم ٹیم ملتان سلطان کے درمیان کھیلا جائے گا ۔
اس مقابلے کو قلندر کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید اور سلطان کے کوچ مشتاق احمد کے اس تبصرہ نے ہائی وولٹیج بنادیا کہ قلندر اور سلطان کے پہلے ٹاکرا میں پاک بھارت جیسے روایتی مقابلہ کے جوش و جذبہ کی سنسنی خیزی دیکھنے کا ملے گی ۔