حیدرآباد: حیدرآباد کے نجی اسکول میں چھٹی جماعت کی طالبہ نے اسکول کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی، پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔
قاسم آباد میں واقعہ نجی اسکول کے سحرش نگر کیمپس میں چھٹی جماعت کی طالبہ مومنہ نے اسکول کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی، طالبہ کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، والد ذوالفقار ناریجو کے کراچی سے پہنچنے پر طالبہ کی لاش کاپوسٹ مارٹم کیا گیا۔
واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی، فوٹیج کے مطابق طالبہ اسکول کی تیسری منزل کی گرل پر چڑھ گئی۔
اسی دوران اسکول انتظامیہ کا ملازم موقع پر پہنچ گیا اور طالبہ کو روکنے کی کوشش کی تاہم طالبہ نے چھلانگ لگا دی، پولیس کی تحقیقاتی ٹیم اسکول پہنچی اور فرانزک کیا، ایس ایس پی حیدرآباد کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔