کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ہوئے تین ہفتے سے زائد ہو گئے ہیں لیکن انتخابی عمل تاحال نا مکمل ہے، عوام پریشان ہیں اور ان کے بنیادی مسائل حل کرنے والا کوئی نہیں۔
ادارہ نور حق میں ملاقات کے لیے آنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے کراچی میں بلدیاتی انتخابی عمل کو مکمل کرے اور اس کے لیے فوری طور پر ملتوی شدہ 11نشستوں پر انتخابی شیڈول کا اعلان کرے، 22فروری کو اسلام آباد میں ہونے والی سماعت میں مزید کوئی اور تاریخ دینے کے بجائے ان 6نشستوں جن کے فارم 11اور 12ہمارے پاس موجود ہیں اور جنہیں الیکشن کمیشن نے خود ٹیک اپ کیا تھا،کافیصلہ اور نتائج فوری جاری کرے۔
انہوں نے کہاکہ نو منتخب یوسی چیئر مین، وائس چیئر مین اور وارڈ کونسلرز سے فوری طور پر حلف لیا جائے تاکہ انتخابی مراحل آگے بڑھیں اور منتخب نمائندے عوام کے مسائل حل کر سکیں۔ جن نشستوں پر تنازعہ ہے ان کا بھی فوری فیصلہ کیا جائے تاکہ بلدیات کا ہاؤس پورا ہو اور میئر کا انتخاب بھی عمل میں آئے۔