انقرہ؍ دمشق: ترکیہ میں6فروری کو آنے والے زلزلے میں ہلاک ہونےوالے 5ہزار افراد کی لاشوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کردیا گیا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق ترکیہ اور شام میں زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد37ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ہزاروں عمارتیں منہدم ،کئی ہزار افراد زخمی اور بے گھر ہیں۔ ترکیہ کے شہر’’کہرامن ماراش ‘‘کے ایک سینئر آفیسر نے برطانوی اخبار ٹیلی گراف کو بتایا کہ شہر میں10ہزار لاشوں کو دفنانے کی گنجائش ہے اورزلزلے میں ہلاک ہونے والے کم از کم5ہزار افراد کی گمنام لاشوں کو اجتماعی طور پر دفنایا جاچکا ہے۔
زلزلے کے بعد عمارتوں کے ملبے تلے برآمد ہونے والی لاشوں کو دفنانے کیلئے جنگل کے ایک بڑے حصے میں اجتماعی قبریں کھودی گئی ہیں۔ترکیہ میں غیرمعیاری تعمیرات پر کارروائیاں شروع کر دی گئی، 113 افراد کیخلاف مقدمات درج کرکے 12 بلڈرز کو گرفتار کرلیا گیا۔
شام کے صدربشارالاسد نے متحدہ عرب امارات کازلزلے کے بعدامدادی سرگرمیوں اور اقدامات پرشکریہ ادا کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دمشق میں اماراتی وزیرخارجہ شیخ عبداﷲ بن زاید آل نہیان کے ساتھ ملاقات میں بشارالاسد نے کہا متحدہ عرب امارات ان اولین ممالک میں شامل تھا جو شام کے ساتھ کھڑے ہوئے اوراس نے انسانی امداد اور سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بھیجی تھیں۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے ترکیہ کا دورہ کیا اور صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔رپورٹ کے مطابق امیر قطر نے حالیہ زلزلے سے نقصانات پر اظہار افسوس کیا۔
سعودی عرب نے ساتواں امدادی طیارہ بھی بھیج دیا۔ترکیہ حکومت نے زلزلہ زدگان کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پرامدادمہیاکرنے پرسعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے۔
روسی وزارت برائے ایمرجنسی امور کے نائب سربراہ الیکسی سرکو نے شام میں زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کی تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے ریسکیو آپریشن ختم کردیا گیا جب کہ انسانی امداد کی فراہمی کا کام جاری ہے۔
جرمنی نے زلزلہ متاثرین کو عارضی رہائش اختیار کرنے کیلئے ویزوں کی فراہمی کی پیشکش کر دی۔جرمن وزیر داخلہ نینسی فیزر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جرمنی میں آباد ترک اور شامی خاندانوں کو اجازت دی جائے کہ وہ زلزلہ متاثرہ علاقوں سے اپنے قریبی رشتہ داروں کو بلانا چاہیں تو اپنے پاس بلا سکیں۔
زلزلہ