کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ موجودہ حالات میں وہی بحری افواج غالب ہوں گی، جو جنگ کے جدید رجحانات سے ہم آہنگ ہوں، پاک بحریہ سی پیک سمیت بحری سرحدوں کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے، پاک بحریہ کو تمام وسائل مہیا کریں گے، پُرامن ماحول میں ترقی کا حصول ممکن ہے، امن مشق سے خطے کو مزید پُرامن و محفوظ بنانے کی راہ ہموار ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شمالی بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کی کثیر الملکی بحری مشق امن 2023 کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا، مشق امن انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے شاندار انعقاد کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس معاون آمد پر امیر البحر ایڈمرل امجد خان نیازی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ائر اسٹاف بھی موجود تھے، وزیراعظم نے مختلف بحری آپریشنل مشقوں کا مشاہدہ کیا، فلیٹ ریویو میں پاک بحریہ، پاک فضائیہ سمیت غیر ملکی طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ بھی شامل تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کا مستقبل سی پیک کی کامیابی پر منحصر ہے، گوادر بندرگاہ اہم کردار ادا کرے گی، ہماری افواج ہر خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
نیول چیف نے یقین دلایا کہ پاک بحریہ اتحادی افواج کے ساتھ ملکر کردار ادا کرتی رہے گی، مشق امن کا کامیاب انعقاد بحری صلاحیت کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے، نمائش کے دوران 20 مفاہمت کی یادداشتوں، 1 مشترکہ منصوبے اور خام لوہے کی برآمد کیلئے خرید و فروخت کے معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے، مشق امن کے دوران 50 ممالک نے بحری جنگی جہازوں، ائر کرافٹ، اسپیشل آپریشن فورسز اور مندوبین کی کثیر تعداد کے ساتھ شرکت کی۔
وزیراعظم نے ٹوئٹ میں لکھا کہ مشق امن مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دوست اور شراکت داروں کے ساتھ ملکر کام کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔