کراچی: لانڈھی میں پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیاہے،ملزمان لانڈھی نمبر 4 کے قریب صبح سویرے شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فرارہونے کے لیے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی ،دو طرفہ فاٸرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے ایک ڈاکو کو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، 9 موبائل فونز، 3 پرس، 2 اسکول بیگ، نقدی اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی، ہلاک ڈکیت کی شناخت سومار ولد الیاس اور زخمی ملزم کی راشد ولد رمضان کے نام سے کی گئی جنہیں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقابلے میں ہلاک اور زخمی حالت میں گرفتار ڈکیت صبح سویرے اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے جانے والے والدین سے لوٹ مار میں ملوث تھے،ہلاک اورزخمی حالت میں گرفتار ڈکیتوں کا سابق کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔